18 اپریل 2013 - 19:30
پرویز مشرف کو گرفتار کر لیا گیا

پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ابنا: پاکستانی ذرائع کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی گرفتار آج صبح عمل میں لائی گئی۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ججز نظر بندی کیس میں عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے سابق صدرپرویز مشرف کی گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا۔ ایس ایس پی آپریشن یاسین فاروق، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ سمیت پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں پرویز مشرف رینجرز کے حصار میں تھے۔ دریں اثناء اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضمانت منسوخ ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے سابق صدر کے عدالت سے جانے کا  نوٹس لیا۔ عدالت نے کہا کہ رجسٹرار نوٹ کے مطابق پرویز مشرف کو عدالت سے بغیر اجازت جانے میں ذاتی محافظوں نے مدد دی۔ عدالت سے جانے پر ایک الگ جرم ہے عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بتائیں انہوں نے پرویز مشرف کی گرفتاری کیلئے کیا اقدامات کئے۔ جمعرات کو سماعت کے موقع پر پرویز مشرف کے وکیل قمر افضل ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ میرے موکل نے ججوں کی گرفتاری یا انہیں نظر بند کرنے کا ذاتی طور پر حکم نہیں دیا بلکہ یہ انتظامیہ کا اقدام تھا جو وزیر اعظم اور کابینہ کی سفارش پر اٹھایا گیا۔ تھانہ سیکریٹریٹ پولیس نے ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کے حکم پر 11 اگست 2009ء کو پرویز مشرف کیخلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ مدعی مقدمہ چوہدری محمد اسلم گھمن کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ 3 نومبر 2007ء کے پرویز مشرف کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات تھے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲